چکوال میں غیرقانونی سگریٹ فیکٹری پکڑی گئی، 25 کروڑ کا مال برآمد
(فوٹو: فائل)
چکوال میں غیرقانونی سگریٹ تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی جس میں 25 کروڑ روپے کا مال برآمد ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زیڈ ایچ کیو راولپنڈی کی ای آئی ٹیم کی خفیہ اطلاع پر آئی بی ڈی چکوال اور ایف بی آر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے ضلع چکوال کے علاقے دھڑابی گاؤں کے قریب غیر قانونی سگریٹ تیار کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مار کر25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد کرلیا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ایف بی آر کو ایک مکمل غیر قانونی سگریٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا سراغ ملا ہے جو ایف ای ڈی اور جی ایس ٹی سے بچنے کے لیے رات کے اوقات میں چلایا جاتا تھا، فیکٹری میں مختلف برانڈز کے سگریٹ تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کیے جاتے تھے جبکہ یونٹ ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں تھا اور ٹیکس سے بچنے کے لیے سگریٹ کے پیکٹس پر بار کوڈ بھی موجود نہیں تھا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق غیر قانونی فیکٹری میں سگریٹ بنانے والی 11 مشینیں نصب تھیں، جبکہ ایک بڑے گودام میں بھاری مقدار میں خام تمباکو اور تیار سگریٹ موجود تھا۔ کارروائی کے دوران 11 سگریٹ مینوفیکچرنگ مشینیں اور تین صنعتی جنریٹرز سیل کر دیے گئے، گودام سے فروخت کے لیے تیار 72 ہزار پیکٹ سگریٹ، تقریباً 12 ہزار کلو گرام خام تمباکو، سفید کاغذ کے رولز، سلور اور گولڈن پیکٹ رولز، ایلومینیم فوائل رولز، پولی تھین رولز، ایک لاکھ سات ہزار خالی سگریٹ پیکٹس، فلٹر راڈز کے 30 کارٹن، فلٹر پیپر کے 14 کارٹن اور چپکنے والے گلو کے ساتھ ڈرم بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔
ایف بی آر حکام کے ابتدائی تخمینے کے مطابق خام مال، تیار شدہ مصنوعات اور ضبط کی گئی مشینری کی مجموعی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد ہے، جبکہ ٹیکس چوری کی رقم کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔