سابق امریکی صدر جوبائیڈن کینسر میں مبتلا، بیماری مزید پھیل گئی
فوٹو: رائٹرز
امریکا کے سابق صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹربائیڈن نے بتایا ہے کہ ان کے والد کینسر جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہیں اور بیماری اب مزید پھیل چکی ہے۔
بی بی سی کو انٹرویو میں سابق امریکی صدر کے بیٹے ہنٹربائیڈن اپنے والد کی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوئے اور بتایا کینسر واقعی بڑی مشکل بیماری ہے اور انہیں اس طرح دیکھنا انتہائی افسوس ناک ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کینسر ان کے والد کی ہڈیوں اور جسم کے مزید حصوں تک پھیل چکا ہے اور اس کے اثرات ہڈیوں تک پہنچ گئے ہیں، یہ بڑی تکلیف دہ اور انتہائی کمزور کردینے والی بیماری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد آج بھی ہمارے خاندان کا مرکز ہیں، وہ بہترین والد، بہترین شوہر اور بہترین دادا ہیں، میں اس وقت اپنے والد کی صحت کے بارے میں صرف یہی کہتا ہوں کہ کاش وہ اس حوالے سے زیادہ بات کریں لیکن وہ اپنی بیماری کے بارے میں زیادہ شکایت نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے منصب سے سبکدوشی کے 4 مہینے سے بھی کم عرصےکے بعد مئی 2025 میں انکشاف کیا تھا کہ ان میں پروسٹیٹ کینسر تشخیص ہوئی ہے جو خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے اور ہڈیوں کی طرف پھیل رہی ہے۔
جوبائیڈن کے ترجمان نے بعد ازاں اکتوبر میں بتایا تھا کہ سابق صدر ریڈیئشن اور ہارمون تھراپی کے ذریعے علاج کروا رہے ہیں جبکہ بی بی سی نے بتایا کہ 83 سالہ جوبائیڈن نے اپنی صحت کے حوالے سے ہنٹربائیڈن کے انٹرویو پر ردعمل دینے سے گریز کیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن 2020 سے 2024 تک صدارت سے قبل 2009 سے 2017 تک بارک اوباما کے دور میں نائب صدر رہے تھے اور جون میں شکاگو میں باراک اوباما کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔