کراچی؛ اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری، آپریشن مینیجر ساتھی سمیت گرفتار

ملزمان سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے، باقی رقم کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ایس ایچ او

فوٹو: فائل

کراچی کی آرام باغ پولیس نے نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری ہونے کا معمہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں حل کرتے ہوئے واردات میں ملوث بینک کے آپریشن مینیجر کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے نقد برآمد کرلیے۔

ایس ایچ او آرام باغ انسپکٹر شاہ فیصل خان کے مطابق آرام باغ کے علاقے میں واقع نجی بینک کی اے ٹی ایم سے 7 اگست کی درمیانی شب 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے تکنیکی بنیادوں، ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش شروع کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک کے آپریشن مینیجر ارسلان ساجد خلیل کو مشکوک جان کر حراست میں لیا اور دوران تفتیش ملزم نے چوری کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے دوست ریحان ذاکر رحمان کے ساتھ مل کر واردات کی تھی۔

پولیس کے مطابق واردات کے دوران آپریشن مینیجر ارسلان نے شناخت  چھپانے کے لیے برقع پہن رکھا تھا جبکہ اس کے ساتھی ریحان نے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم ریحان نے اے ٹی ایم میں نصب کیمرے پر چیونگم لگا دی تھی تاکہ واردات کی ویڈیو ریکارڈ نہ ہوسکے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کرلی گئی۔

شاہ فیصل خان نے کہا کہ آپریشن مینیجر ہونے کے باعث بینک کی چابیاں ارسلان کے پاس ہوتی تھیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان نے اے ٹی ایم سے رقم نکالی اور واردات کے بعد ارسلان نے چوری کی گئی رقم اپنے ساتھی ریحان کے پاس رکھوا دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر 29 لاکھ 74 ہزار روپے نقد برآمد کرلیے جبکہ مزید رقم کی برآمدگی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

Load Next Story