سندھ حکومت کے ایڈوائزر رضا ہارون کے گھر کے باہر گاڑی سے چوری
سندھ حکومت کے ایڈوائزر رضا ہارون کے گھر کے باہر پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں گاڑی سے چوری کی واردات نے شہر کی سیکیورٹی صورتحال پر کئی سوالات کھڑے کردیے۔
نامعلوم ملزمان گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گاڑی کا قیمتی پینل اتار کر باآسانی فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو انتہائی اطمینان سے واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق چوروں نے پہلے گھر کے دروازے کی کنڈی لگائی، جس کے بعد گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر دروازہ کھولا اور گاڑی کا پینل اتارنے میں مصروف ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے تقریباً 5 منٹ تک انتہائی اطمینان کے ساتھ واردات مکمل کی۔
اس دوران ایک پڑوسی کے بائیکیا پر وہاں پہنچنے پر ایک ملزم نے خود کو کچرا چننے والے کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر رکھنے کی کوشش کی، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
زرائع کے مطابق واردات کے بعد پولیس ایمرجنسی ون فائیو پر اطلاع دی گئی تاہم مبینہ طور پر ایک گھنٹے تک پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی، جس پر علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔