عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بہتری
خلیج میں امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں آج مجموعی طور پر بہتری دیکھی گئی اور بیشتر حصص کی قیمتیں اوپر گئیں
امریکی روزگار کے حالیہ کمزور اعداد و شمار کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے یہ توقع بڑھ گئی ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو فوری طور پر شرح سود میں اضافہ نہیں کرے گا جس کے باعث وال اسٹریٹ کے مثبت رجحان کا اثر ایشیائی مارکیٹوں پر بھی پڑا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔ ایران نے اتوار کو کہا کہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے لیے نئے راستوں کے تعین سے متعلق معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔
تاہم تہران نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے دیگر شرائط پوری کیے جانے تک آبی گزرگاہ کو دوبارہ معمول کے مطابق نہیں کھولا جائے گا۔
آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل انتہائی محدود رہنے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے بعد 84.32 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 78.74 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
ایندھن کی قیمتوں میں تازہ اضافے نے امریکا کے بدھ کو جاری ہونے والے جولائی کے کنزیومر پرائس انڈیکس کے اعداد و شمار کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔
تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ مجموعی مہنگائی میں 0.1 فیصد جبکہ بنیادی مہنگائی میں 0.2 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔