لاہور: کاہنہ سے تین سالہ مغوی بچے کی لاش برآمد
مقتول کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی، گزشتہ رات بچے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا تھا، پولیس
لاہور:
کاہنہ کے علاقے جوہڑ سے 3 سالہ مغوی بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول بچے کی شناخت تین سالہ حسنین کے نام سے ہوئی جو اپنے ننھیال آیا ہوا تھا کہ اسے اغوا کر لیا گیا، گزشتہ رات بچے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آج صبح حسنین کی لاش کاہنہ کے علاقے جوہڑ سے ملی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔
ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔