ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ، وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین

جولائی میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 3.6 ارب امریکی ڈالر کی آمد ہوئی

ملکی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، جس پر وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اس حوالے سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026ء میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں 3.6  ارب امریکی  ڈالر کی آمد ہوئی۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں سال بہ سال 13.0 فیصد اور ماہ بہ ماہ 4.5   فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2026ء میں  موصول ہونے والی ترسیلات زر کا بیشتر حصہ سعودی عرب (913.9   ملین ڈالر) سے آیا، جس کے بعد متحدہ عرب امارات (737.3  ملین ڈالر) ، برطانیہ (555.5   ملین ڈالر) اور امریکا (317.2 ملین ڈالر) سے رقوم موصول ہوئیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جولائی 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جولائی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سال بہ سال کی بنیاد پر ترسیلات زر میں 13 فیصد اضافہ ہوا، جو نہایت خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر بھی 4.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں مسلسل مثبت کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی معاشی دھارے کا بیش قدر جزو ہیں۔ انہوں نے ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں اپنا مثبت کردار مسلسل ادا کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Load Next Story