ملک گیر گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال؛ پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی وزیراعظم سے فوری مداخلت کی اپیل
گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کے معاملے پر پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے چیئرمین فواد انور نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط ارسال کر دیا۔ خط کی نقل وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو بھی ارسال کی گئی۔
پی ٹی سی کے مطابق 8 اگست سے جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے خام مال اور برآمدی کھیپوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے جبکہ برآمدی کنٹینرز کی معمول کے مطابق نقل و حرکت بھی متاثر ہوگئی۔
خط میں پی ٹی سی نے کہا کہ درآمدی خام مال بندرگاہوں پر رکا ہوا ہے جبکہ مقامی کپاس اور دیگر خام مال کو ملوں تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے، ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کے لیے بلاتعطل نقل و حمل انتہائی ضروری ہے، موجودہ تعطل جاری رہا تو معاشی نقصان ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جائے گا۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے اپیل کی ہے کہ وزیراعظم متعلقہ حکومتی اداروں اور ٹرانسپورٹ شعبے کے نمائندوں کو ایک میز پر لائیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف ذاتی اور فوری مداخلت کرکے ہڑتال کے جلد حل کو یقینی بنائیں۔