اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے پر اعتماد میں لیا
فوٹو فائل
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران کی قیادت کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ معاہدے پر اعتماد میں لیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال، امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے اہم خدوخال سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ مکہ معاہدے کا مقصد اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کرنا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مکہ معاہدے کے اہم نکات سے آگاہ کرنے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ مشرقی یروشلم سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جبکہ کویت کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے کویتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اہم شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری مزید بڑھانے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔دونوں جانب سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس کے علاوہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے ڈی آر کانگو کے صدر اور گنی بساؤ کے سابق صدور سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور علاقائی امن استحکام و سلامتی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
گفتگو میں پاکستان اور ڈی آر کانگو کے تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے صدر فیلکس شیسکیدی اور عوامِ ڈی آر کانگو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔