مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے نئے سربراہان کی تعیناتی کردی
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب اور مسلح افواج میں اعلیٰ سطح پر نئی تقرریاں کرتے ہوئے فوجی قیادت میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری تحریری بیان کے مطابق 6 نئے فوجی کمانڈرز کا تقرر جنرل اسٹاف ، پاسداران انقلاب اور بسیج میں کی گئی ہے جن میں مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر ان چیف کی تقرری بھی شامل ہے۔
بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ میجر جنرل پائلٹ علی عبداللہی کو ایرانی مسلح افواج کا چیف آف اسٹاف مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز دراصل ایرانی مسلح افواج کی مختلف شاخوں کے درمیان فوجی کارروائیوں میں رابطہ اور کوآرڈی نیشن کا اہم مرکز ہے۔
اسی طرح بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دیکر پاسداران انقلاب اسلامی کا کمانڈر ان چیف مقرر کیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ مصطفیٰ ایزدی ان کے نائب ہوں گے۔
ریئر ایڈمرل علی عظمایی کو پاسداران انقلاب کی نیوی کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے جب کہ حسین طائب کو بسیج فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے میجر جنرل علی عبداللہی کے نائب کے طور پر بریگيڈير جنرل کیومرث حیدری کی تعیناتی کی گئی ہے۔
ایران میں فوجی قیادت کی یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد سکیورٹی کے شدید چیلنجز کا سامنا ہے اور اس جنگ کے دوران ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے متعدد اعلیٰ کمانڈروں کی ہلاکت کے بعد ملک کے دفاعی اور فوجی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں ناگزیر تھیں۔