ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے سیاسی مشیر کا بھی اعلان کردیا
فوٹو: ایرانی میڈیا
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے فوجی قیادت کے ساتھ ساتھ اپنے اہم سیاسی مشیر اور قومی سلامتی کونسل میں اپنے نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اعلیٰ سطح پر دو اہم تقرریاں کرتے ہوئے محمد باقر ذوالقدر کو اپنا سیاسی مشیر اور ڈاکٹر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ میں ان دونوں شخصیات کے نام الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے بیان میں ان کی تقرریوں کا اعلان کیا گیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے محمد باقر ذوالقدر کے نام پیغام میں ان کے طویل تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنا سیاسی مشیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
ذوالقدر ایران کے سیکیورٹی اور سیاسی معاملات میں طویل عرصے سے فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ماضی میں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
ذوالقدر کا شمار ایران کے اہم سکیورٹی اور سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے۔ مختلف اہم حکومتی اور سکیورٹی ذمہ داریوں پر کام کرنے کے باعث انہیں ایرانی ریاستی نظام کے حساس معاملات کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
دوسری جانب مجتبیٰ خامنہ ای نے ڈاکٹر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیا ہے۔ تقرری کے پیغام میں سپریم لیڈر نے رضائی کے تجربے کو اس فیصلے کی بنیاد قرار دیا۔
محسن رضائی ایران کی سیاسی اور عسکری قیادت میں ایک نمایاں شخصیت رہے ہیں اور پاسداران انقلاب سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ وہ ایران کے اہم سکیورٹی اور قومی پالیسی معاملات میں طویل عرصے تک کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے بیک وقت دونوں اہم تقرریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران کو خطے میں سکیورٹی اور سیاسی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور انھوں نے نئی فوجی قیادت کا بھی اعلان کیا ہے۔