کراچی، گارمنٹ فیکٹری میں خوفناک آگ، فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا
نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کی گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کے ایک فائر ٹرک کی مدد سے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پالیا گیا۔
حکام کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فیکٹری میں ہونے والے مالی نقصان کا تاحال تخمینہ نہیں لگایا جاسکا۔
ابتدائی طور پر فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کے بعد حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔