’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں کیپٹن امریکا کا سفر پہلے سے زیادہ سخت ہوگا، کرس ایونز
ہالی ووڈ اداکار کرس ایونز نے مارول سنیماٹک یونیورس میں اسٹیو راجرز المعروف کیپٹن امریکا کی واپسی اور نئی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے اہم باتیں شیئر کی ہیں۔
کرس ایونز نے 2011 میں ’کیپٹن امریکا: دی فرسٹ ایونجر‘ کے ذریعے اسٹیو راجرز کا کردار ادا کرنا شروع کیا تھا اور ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ تک اس کردار میں نظر آئے۔
اس فلم کے بعد انہوں نے مارول سنیماٹک یونیورس سے رخصت لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسٹیو راجرز کے کردار سے خوشی کے ساتھ ریٹائر ہو چکے ہیں۔
تاہم ’ڈومز ڈے‘ کی کہانی نے انہیں ایک مرتبہ پھر مارول کی دنیا میں واپس آنے پر آمادہ کیا۔
فین ایکسپو بوسٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ایونز نے بتایا کہ ہدایتکار روسو برادرز کو اسٹیو راجرز کو مشکل حالات میں ڈالنا خاصا پسند ہے۔
اداکار کے مطابق روسو برادرز کے نزدیک ایک حقیقی ہیرو وہ ہوتا ہے جو بار بار ضربیں کھانے کے باوجود دوبارہ کھڑا ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’ڈومز ڈے‘ میں اسٹیو راجرز کے لیے مشکلات پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہونے والی ہیں۔
واضح رہے کہ ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں کرس ایونز کے ساتھ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور کرس ہیمسورتھ بھی شامل ہیں، جبکہ فلم 18 دسمبر کو دنیا بھر میں ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔