یوکرین حملے کے جواب میں روس کا جوابی وار، 9 افراد ہلاک

کیف میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں

یوکرین میں تازہ روسی حملوں میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی جانب سے روس پر حملہ کرنے کے جواب میں ماسکو نے بھی یوکرین پر ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس میں 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

علاقائی گورنر ایوان فیدوروف نے کہا کہ روسی افواج کی جانب سے میزائلوں اور گائیڈڈ بموں کے استعمال کے بعد زپوری زہیا میں چھ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے جبکہ دنیپروپیٹروسک کے علاقے میں ڈرون حملوں میں تین دیگر ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔

کیف میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میئر وٹالی کلیٹسکو نے کہا کہ دارالحکومت ایک بیلسٹک میزائل حملے کی زد میں آیا۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے اطلاع دی ہے کہ ایک گودام میں آگ لگ گئی اور ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ بچوں کے ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ روسی حملے یوکرین کے ڈرون حملوں کے بعد ہوئے جس کے بارے میں روسی حکام نے بتایا کہ پیر کی رات تاتارستان کے شہر نزہنکامسک میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے۔

یوکرین کی مسلح افواج نے کہا کہ انہوں نے تانیکو آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا جو روسی تیل اور گیس کمپنی کی ملکیت ہے اور یوکرین کی سرحد سے 1000 کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر واقع ہے۔

Load Next Story