یوٹیوب سے کمائی کے خواہشمند ہوشیار، مونیٹائزیشن کی نئی شرائط سامنے آگئیں

یوٹیوب محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ آمدنی کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے

دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لیے یوٹیوب محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ آمدنی کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے، جہاں تخلیق کار اپنی ویڈیوز کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ تاہم اب یوٹیوب سے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کو مونیٹائزیشن کے لیے پہلے سے زیادہ سخت اہداف پورے کرنا ہوں گے۔

اربوں صارفین کی جانب سے استعمال کیے جانے والے اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم نے تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد کو اپنی ویڈیوز کے ذریعے ناظرین تک پہنچنے اور آمدنی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) میں شمولیت کے بعد صارفین اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور مرچنڈائز سمیت مختلف ذرائع سے کمائی کرسکتے ہیں۔

تاہم کمپنی نے پارٹنر پروگرام کے لیے درکار بعض اہداف میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ پہلے یوٹیوب سے کمائی کے لیے چینل پر کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز اور گزشتہ 12 ماہ کے دوران طویل ویڈیوز کے مجموعی طور پر 4 ہزار گھنٹے دیکھے جانے کی شرط تھی، مگر اب طویل ویڈیوز کے لیے مطلوبہ واچ ٹائم بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردیا گیا ہے۔

یعنی آئندہ نئے صارفین کو یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ایک سال کے دوران اپنی طویل ویڈیوز پر کم از کم 8 ہزار گھنٹے کا واچ ٹائم حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ شارٹس کے ذریعے مونیٹائزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے بھی ویوز کا ہدف بڑھایا گیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت شارٹس ویڈیوز کے ذریعے کمائی کے خواہشمند صارفین کو گزشتہ 90 دن میں 2 کروڑ سے زائد ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل شارٹس سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے ایک کروڑ ویوز کی شرط مقرر تھی، جس کا مطلب ہے کہ اب یہ ہدف دُگنا کردیا گیا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا اور وہ صارفین جو پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، ان پر اس تبدیلی کا براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔

کمپنی نے شارٹس سے متعلق مستقبل کی پالیسی بھی واضح کی ہے۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل رہنے کے لیے صارفین کو 90 دن کے دوران ایک کروڑ ویوز کی حد برقرار رکھنا ہوگی۔ اگر کوئی صارف اس ہدف کو برقرار رکھنے میں ناکام رہتا ہے تو وہ پارٹنر پروگرام کا حصہ بدستور رہ سکے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتا رہے گا، تاہم شارٹس سے دوبارہ کمائی شروع کرنے کے لیے اسے ایک مرتبہ پھر 90 دن میں ایک کروڑ ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد پلیٹ فارم کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے ساتھ رفتار برقرار رکھنا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس وقت یوٹیوب پر روزانہ 200 ارب سے زیادہ شارٹس ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں، جبکہ صرف ٹی وی اسکرینز پر ہی صارفین روزانہ تقریباً ایک ارب گھنٹے کے برابر یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

نئی شرائط کے باعث یوٹیوب پر نئے تخلیق کاروں کے لیے پارٹنر پروگرام میں جگہ بنانا اور اسے برقرار رکھنا پہلے کے مقابلے میں مشکل ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر شارٹس پر انحصار کرنے والے صارفین کو اب زیادہ بڑے ویوز ہدف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے برقرار رکھنے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔


 

Load Next Story