بھارتی کرکٹر میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ زیادتی اور دیگر سنگین الزامات پر گرفتار
بھارتی کرکٹر اور انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے ابھشیک پورل کو ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے خلاف مبینہ زیادتی، مجرمانہ دھمکیوں اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابھشیک پورل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مقدمہ رواں سال جون میں ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ تین برس سے کرکٹر کے ساتھ تعلقات میں تھیں۔
خاتون کے مطابق ابھشیک پورل نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور اسی یقین دہانی کی بنیاد پر دونوں کے درمیان جنسی تعلق قائم ہوا، تاہم بعد میں کرکٹر نے شادی سے انکار کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کرنا شروع کردی۔
شکایت میں خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ابھشیک پورل نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر مجرمانہ دھمکیاں بھی دیں۔ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعد ازاں کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقدمے میں ابھشیک پورل کی گرفتاری کی ہدایت کی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرکٹر کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق ابھشیک پورل ماضی میں ان پر عائد کیے گئے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ مقدمے میں شکایت کنندہ کی جانب سے عائد الزامات کی قانونی طور پر تاحال تصدیق نہیں ہوئی اور پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
27 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھشیک پورل 2023ء سے انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے ٹیم کی جانب سے چار اننگز میں 108 رنز اسکور کیے تھے۔
پولیس کی تحقیقات اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی مقدمے میں عائد الزامات کی حقیقت اور قانونی حیثیت مزید واضح ہوسکے گی۔