سندھ پبلک سروس کمیشن کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس متعارف کرانے کا فیصلہ

اے آئی کے نفاذ کا مقصد مجموعی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانا ہے، اعلامیہ

—فائل فوٹو

حکومت سندھ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد مجموعی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے منگل کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں اہم اقدام کا جائزہ لیا گیا اور اس پر پیش رفت کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن رضوان احمد، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس پی ایس سی کے موجودہ امتحانی اور بھرتی نظام کو مزید جدید بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق خاص طور پر ان شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی جہاں ٹیکنالوجی کے استعمال سے دستی عمل کو کم، درستگی میں اضافہ، شفافیت کو مزید مضبوط اور مجموعی طریقہ کار کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

ابتدائی طور پر اس اقدام کا اطلاق سندھ پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام جاری امتحانات پر کیا جائے گا اور نئے نظام کو مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔

بعد کے مراحل میں حکومت تمام امتحانات اور بھرتی کے عمل کو بین الاقوامی سطح پر رائج مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈیولز اور جدید ڈیجیٹل ریکروٹمنٹ سسٹمز کی جانب منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا چاہتی ہے، خصوصاً وہاں جہاں اس سے انتظامی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایس پی ایس سی کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور دیگر ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے انسانی تعامل کو کم سے کم سطح پر لانا مقصود ہے، تاہم اس پورے عمل میں میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ صوبے بھر میں ٹیکنالوجی سے آراستہ ورک اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل امتحانی نظام کے لیے ضروری انفرااسٹرکچر فراہم کیا جا سکے اور سندھ کے تمام علاقوں کے امیدواروں کو جدید ایس پی ایس سی امتحانی سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔
 

Load Next Story