شگفتہ اعجاز کی زِپ لائن پر انجوائے کرتی ویڈیو وائرل، مداحوں کے دلچسپ تبصرے

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے

معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز ان دنوں اپنی بیٹی کے پاس برطانیہ میں چھٹیاں گزار رہی ہیں، جہاں وہ خوبصورت مقامات کی سیر کے ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہورہی ہیں۔ 

اداکارہ نے حال ہی میں ویلز میں زِپ لائن کا دلچسپ تجربہ کیا، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں شیئر کی، جس پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے شروع کردیئے۔

برطانیہ میں قیام کے دوران شگفتہ اعجاز اپنی بیٹی انیا کے ہمراہ ویلز کے مختلف خوبصورت مقامات، جھیلوں اور تفریحی مقامات کی سیر کررہی ہیں۔ اسی دوران انیا نے اپنی والدہ کو زِپ لائن کرنے پر آمادہ کرلیا، حالانکہ اداکارہ ابتدا میں اس تجربے کے لیے تیار نہیں تھیں۔

زِپ لائن رائیڈ مکمل کرنے کے بعد شگفتہ اعجاز نے اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شاندار تجربہ تھا اور وہ سوچ رہی تھیں کہ انہوں نے اس سے پہلے یہ کیوں نہیں کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ عقاب کی طرح اڑ رہی ہوں۔

ان کی بیٹی انیا نے بتایا کہ شگفتہ اعجاز نے شروع میں زِپ لائن کرنے سے صاف انکار کردیا تھا اور یہاں تک کہ جب وہ اس کی فیس ادا کرنے والی تھیں تب بھی والدہ تیار نہیں تھیں۔ تاہم ان کے اصرار پر اداکارہ نے بالآخر یہ چیلنج قبول کرلیا۔

شگفتہ اعجاز نے بیٹی کی بات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تجربہ بہت پسند آیا اور وہ خوش ہیں کہ انیا نے انہیں زِپ لائن کرنے پر مجبور کیا۔ اداکارہ نے اپنے ولاگ کے کیپشن میں بھی لکھا کہ انہوں نے بالآخر اپنے خوف کا سامنا کرتے ہوئے یہ تجربہ کرلیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بہت سے مداحوں نے اداکارہ کے جوش، حوصلے اور زندگی کو اپنی مرضی سے بھرپور انداز میں گزارنے کے جذبے کو سراہا، جبکہ بعض صارفین نے ان کی عمر کو بنیاد بنا کر تنقید بھی کی۔

ایک صارف نے انیا کو اپنی والدہ کو زِپ لائن پر لے جانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آئندہ ایسا کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ اس عمر میں ایسا تجربہ کرنا ٹھیک ہے، لیکن کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ایک صارف نے شگفتہ اعجاز کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں سنجیدہ عمر کی شخصیت قرار دیا اور ’بچے کی طرح‘ رویہ اختیار نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

دوسری جانب متعدد مداحوں نے شگفتہ اعجاز کی بیٹی انیا کی تعریف بھی کی اور کہا کہ وہ اپنی والدہ کو گھر تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے ساتھ مختلف تفریحی اور مہم جوئی پر مبنی سرگرمیوں میں شریک ہوتی ہیں۔ مداحوں کے مطابق عمر کسی نئے تجربے سے لطف اندوز ہونے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، بشرطیکہ سرگرمی محفوظ انداز میں کی جائے۔

Load Next Story