بشریٰ انصاری نے سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری سے متعلق سوشل میڈیا دعووں کی تردید کردی

اداکارہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہیں یہ نہیں کہا تھا کہ وہ لوگ اداکار ہیں

فوٹو: فائل

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے ایک حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے ان سوشل میڈیا پیجز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جنہوں نے ان کے قریبی دوستوں کے بیٹے کی ازدواجی زندگی سے متعلق بیان کو اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف سے جوڑ دیا تھا۔

بشریٰ انصاری اداکاری کے ساتھ اپنے روزمرہ وی لاگز کے باعث بھی ناظرین کی توجہ حاصل کرتی ہیں، جن میں وہ اپنی ذاتی زندگی، سفر اور مختلف تجربات کی جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔ چند روز قبل ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کے اکلوتے بیٹے کی شادی ختم ہونے کا ایک واقعہ بیان کیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ جوڑے کے درمیان اختلاف کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ بیوی اپنے سسرال کے ساتھ رہنے کے بجائے الگ گھر میں رہنا چاہتی تھی، جبکہ شوہر اپنے والدین کو چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھا۔ بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ وہ واقعہ ان کے ایسے دوستوں سے متعلق تھا جو بینکرز ہیں، لیکن بعض سوشل میڈیا پیجز نے اس بیان کو شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف سے منسلک کردیا۔

اپنے تازہ وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اپنی پیاری مایا کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کررہی تھیں اور اسی دوران انہوں نے اپنے دوستوں کا یہ واقعہ سنایا۔ ان کے مطابق کسی نے ان کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور پھر سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی تصاویر کے ساتھ یہ تاثر دیا گیا کہ ان کا اشارہ انہی دونوں کی ازدواجی زندگی کی طرف تھا۔

سینئر اداکارہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہیں یہ نہیں کہا تھا کہ وہ لوگ اداکار ہیں۔ بشریٰ انصاری کے مطابق جن لوگوں کا وہ ذکر کررہی تھیں، وہ بینکنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کے بہت سے ایسے دوست ہیں جن کا صرف ایک بیٹا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اس طرح کی قیاس آرائیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ انتہائی منفی اور شرپسندانہ رویے کے ساتھ کسی کی مکمل بات کو غلط انداز میں پیش کردیتے ہیں اور پھر ایک مختلف کہانی بنا کر اسے پھیلا دیتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے خاص طور پر سائرہ یوسف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار لڑکی ہیں اور اب بھی بہروز سبزواری کے گھر آتی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق سائرہ کے ساتھ ان کے سابق سسرال کے افراد کے اچھے تعلقات ہیں اور وہ بھی انہیں بہت چاہتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ سائرہ یوسف شہروز سبزواری کی چھوٹی بیٹی زہرا سے بھی بے حد محبت کرتی ہیں۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ سائرہ اور شہروز کے خاندان کے افراد اتنے کم فہم نہیں کہ ہر معاملے کو کسی تنازع کی نظر سے دیکھیں۔

بشریٰ انصاری نے آخر میں سوال اٹھایا کہ وہ اپنے اتنے قریبی لوگوں، سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری، کا نام کسی غیر متعلقہ واقعے میں کیوں لیں گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ ایسے شرپسند لوگوں کا کیا بنے گا۔
 

Load Next Story