امریکا: گوشت کھانے والے خطرناک بیکٹیریا سے ایک اور ہلاکت

اس بیکٹیریا سے اب تک 14 افراد متاثر ہوچکے ہیں

امریکی ریاست فلوریڈا میں جان لیوا بیکٹیریا وائبرو وُلنیفیکس کے باعث ایک اور شخص ہلاک ہوگیا، جس کے بعد رواں سال ریاست میں اس خطرناک انفیکشن سے ہونے والی اموات کی تعداد دو ہوگئی ہے جبکہ اب تک 14 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

وائبرو وُلنیفیکس ایک ایسا بیکٹیریا ہے جو عموماً گرم سمندری یا کھارے پانی میں پایا جاتا ہے۔ انسان اس کا شکار اس وقت ہوسکتا ہے جب کھلا زخم آلودہ پانی کے رابطے میں آئے جبکہ کچی یا نیم پکی سمندری خوراک، خصوصاً اوئسٹر کھانے سے بھی انفیکشن لاحق ہوسکتا ہے۔

یہ انفیکشن بعض مریضوں میں انتہائی تیزی سے سنگین شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں جلد پر چھالے، زخم اور ٹشوز کے تیزی سے تباہ ہونے کے ساتھ خون میں شدید انفیکشن اور سیپٹک شاک پیدا ہوسکتا ہے۔ سنگین کیسز میں متاثرہ عضو کاٹنے تک کی نوبت آ سکتی ہے۔

فلوریڈا محکمہ صحت کے مطابق بعض مریض انفیکشن کے بعد صرف ایک یا دو دن میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کو گرم سمندری پانی میں کھلے زخم کے ذریعے ممکنہ ایکسپوژر ہوا ہو اور اس کے بعد زخم میں لالی، سوجن، درد، جلد کی رنگت میں تبدیلی یا بخار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

فلوریڈا میں اس بیکٹیریا کے کیسز عموماً گرم موسم میں بڑھتے ہیں۔

ماہرین شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ کھلے زخم کے ساتھ گرم سمندری یا کھارے پانی میں جانے سے گریز کریں اور کچی یا نیم پکی سی فوڈ سے بھی احتیاط برتیں۔

Load Next Story