شرجیل میمن اور بیٹے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے فیس بک پیجز کی معذرت

این سی سی آئی اے نے چار افراد کو 13 اگست کی صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا ہے

فوٹو: فائل

میر رضا قتل کیس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور ان کے صاحبزادے راول شرجیل کی کردار کشی کرنے والے سوشل میڈیا صفحات نے پروپیگنڈا کرنے پر معذرت کرلی۔

تفصیلات کے مطابق میر رضا قتل کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے مبینہ غیر مصدقہ مواد کے معاملے میں متعدد فیس بک صفحات نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور ان کے صاحبزادے راول شرجیل سے معذرت کرتے ہوئے اپنی سابقہ پوسٹس کو غلط قرار دے دیا۔

دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر من گھڑت اور بدنام کرنے والا مواد پھیلانے کے معاملے میں چار افراد کو طلب کرلیا ہے۔

طلب کیے گئے افراد میں سید عبداللہ، امین قریشی، بلال وارثی اور عبید قریشی شامل ہیں۔این سی سی آئی اے کی جانب سے طلب کیے گئے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 13 اگست کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر این سی سی آئی اے کراچی کے دفتر میں پیش ہوں۔

کراچی اسٹوریز نامی فیس بک پیج نے اپنی وال پر جاری وضاحتی بیان میں میر رضا کیس سے متعلق سابقہ پوسٹ پر معذرت کی۔پیج کے مطابق میر رضا کیس سے متعلق ایک پوسٹ میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا حوالہ دیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ معلومات سوشل میڈیا ذرائع سے موصول ہوئی تھیں، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

کراچی اسٹوریز نے تسلیم کیا کہ غیر مصدقہ معلومات شیئر کرنا مناسب عمل نہیں تھا اور اس پر شرجیل میمن اور دیگر متعلقہ افراد سے معذرت کی۔ پیج کے مطابق معلومات کی صداقت پر سوالات سامنے آنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی متعلقہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی تھی۔

کراچی اسٹوریز نے اپنے بیان میں مستقبل میں قابلِ اعتماد ذرائع سے مکمل تصدیق کے بعد ہی معلومات شائع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس کے علاوہ کراچی وائنس نامی فیس بک پیج نے بھی گزشتہ روز کی پوسٹ پر وضاحت اور معذرت جاری کی۔پیج کے ایڈمنز نے شرجیل انعام میمن اور ان کے صاحبزادے راول شرجیل سے دلی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز شائع ہونے والی پوسٹ میں غلط معلومات شامل ہوگئی تھیں، جو ان کی غلطی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ پیج انتظامیہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہے اور آئندہ کسی بھی خبر یا پوسٹ کو مکمل تصدیق کے بغیر شائع نہیں کیا جائے گا۔

مہاجر کمیونٹی نامی پیج نے بھی اپنی سابقہ پوسٹ پر معذرت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن اور راول شرجیل سے دلی معذرت کی۔ پیج انتظامیہ نے کہا کہ گزشتہ روز پوسٹ کیا گیا مواد ان کی جانب سے ایک غلطی تھی جس پر انہیں افسوس ہے۔

بیان میں قارئین اور فالوورز کو یقین دہانی کرائی گئی کہ آئندہ اس نوعیت کی کسی بھی پوسٹ کی اشاعت سے قبل مکمل احتیاط اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی فرد کے بارے میں غلط تاثر پیدا نہ ہو یا کسی کی دل آزاری نہ ہو۔

فکر و عمل نامی فیس بک پیج نے بھی اپنی سابقہ پوسٹ پر معذرت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن اور راول شرجیل سے دلی معذرت کی۔ پیج انتظامیہ نے تسلیم کیا کہ گزشتہ روز شائع کیا گیا مواد ایک غلطی تھی اور اس پر افسوس کا اظہار کیا۔دریں اثنا الطافی لشکر نامی فیس بک پیج نے بھی میر رضا کیس سے متعلق اپنی سابقہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

Load Next Story