پی آئی اے کے لیے بڑی خبر، ہیتھرو ایئرپورٹ پر 14 سلاٹس واپس مل گئے
فوٹو: فائل
برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ترک ایئرلائنز کو موسم سرما کے لیے دیے گئے ہفتہ وار پروازوں کے 14 سلاٹس پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو واپس مل گئے ہیں جس کے بعد پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھا سکے گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی برطانوی پروازوں پر پابندی کے تناظر میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے 14 سلاٹس ترک ایئرلائنز کو عارضی طور پر دیے گئے تھے تاہم اب موسم سرما کے شیڈول کے لیے یہ سلاٹس واپس پی آئی اے کو مل گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے شیڈول میں پی آئی اے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔
اسلام آباد سے لندن کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازیں موجودہ 3 سے بڑھ کر ممکنہ طور پر 5 ہو سکتی ہیں جبکہ لاہور سے لندن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد ایک سے بڑھا کر دو کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سلاٹس کی واپسی کے بعد کراچی اور سیالکوٹ سے بھی لندن کے لیے پی آئی اے کی رابطہ پروازوں میں اضافہ کیا جا سکے گا۔
پی آئی اے کے لندن آپریشن میں ممکنہ توسیع سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان اور لندن کے درمیان فضائی رابطے میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔