فیفا کے صدر کو عہدے سے ہٹانا سنگین غلطی ہوگی، ٹرمپ انفانٹینو کی حمایت میں بول پڑے

انفانٹینو نے تاریخ کا کامیاب ترین ورلڈکپ منعقد کرایا، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹانا ایک سنگین غلطی ہوگی۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انفانٹینو کو فیفا کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا ہے۔

یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ایک مشترکہ خط میں انفانٹینو پر اعتماد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

تنازع کی بنیادی وجہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز کا منصوبہ ہے جس کے تحت فیفا کے مقابلوں، بشمول ورلڈکپ، کے کمرشل اور ٹکٹنگ حقوق سنبھالنے کے لیے ایک نئی کمپنی بنانے اور اس کے 21 فیصد حصص نجی سرمایہ کاری کمپنی کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

تاہم شدید مخالفت کے باعث یہ منصوبہ بعد میں واپس لے لیا گیا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انفانٹینو نے تاریخ کا کامیاب ترین ورلڈکپ منعقد کرایا اور ان کی رخصتی سے آئندہ ورلڈکپ اتنا کامیاب یا منافع بخش نہیں رہے گا۔

دوسری جانب یوئیفا نے فیفا ایونٹس کے بائیکاٹ اور قانونی کارروائی تک کی دھمکی دی ہے جبکہ انفانٹینو کی قیادت کے خلاف اختلافات مزید شدت اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

Load Next Story