مال روڈ واقعہ اس بات کا اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کا اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں کرنے دیں گے، اگر ایسا حملہ ہوگا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی وجہ سے نو مئی ہوا اور اسی وجہ سے مال روڈ کا واقعہ پیش آیا، بانی پی ٹی آئی اپنے بیانات اور تقریروں میں نفرت اور انتشار بھرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی سوشل میڈیا پوسٹس ہمارے شہدأ کی تضحیک کرتی ہیں، پی ٹی آئی کو کہا گیا ہے کہ نفرت اور انتشار کی سیاست نہ کرے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرتیں مت بھرے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ہمارا اس کارکن سے کوئی تعلق نہیں، دوسری طرف خود ہی اسکا دفاع بھی کرتے ہیں۔ یہ کارکن خیبر پختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پارٹی قیادت سے ملتا رہا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی آہستہ آہستہ خود کوہی مائنس کررہی ہے، راولپنڈی مال روڈ پر پیش آنے والے واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہورہی ہیں جس کے نتائج سامنے آئیں گے۔
یاد رہے کہ 11 اگست 2026 کو دن 11 بج کر 15 منٹ پر راولپنڈی کے مال روڈ پر ایک مسلح شخص نے اپنی پستول سے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر سیدھی فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔
فورسز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر ہلاک ہوگیا تھا جس کی شناخت محمد حسین ولد محمد باذ کے نام سے ہوئی، بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ ہلاک دہشت گرد محمد حسین پاکستان تحریک انصاف کا کارکن ہے جس کی پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ تصاویر بھی سامنے آئیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے مذکورہ شخص کے اس اقدام کو اس کا انفرادی فعل قرار دیتے ہوئے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔