ٹیسٹ رینکنگ: بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے دو سال کے عرصے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنالی ہے۔
پورٹ آف اسپین ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کی تھی۔
بابر اعظم نے میچ کی پہلی اننگز میں 88 رنز جبکہ دوسری اننگز میں ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے تھے۔
اس کارکردگی کی بدولت وہ رینکنگ میں پانچ درجے بہتری کے ساتھ 10ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
Babar Azam is inside the top 10 for Test batters for the first time since the start of September 2024 📈 pic.twitter.com/WTqi50UCGG
— Cricinfo (@cricinfo) August 12, 2026
وہ ستمبر 2024 میں ٹاپ 10 سے باہر ہوئے تھے جبکہ دسمبر 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔
عبداللہ شفیق نے بھی نمایاں ترقی کی اور 25 درجے بہتری کے بعد 32ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
انہوں نے میچ میں 160 اور 24 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے شمار جوزف 19ویں جبکہ پاکستانی اسپنر ساجد خان 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔