چین میں بُلٹ ٹرین کا 5 سیکنڈ میں 800 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کا حیران کن ریکارڈ

تجربے کے دوران تقریباً 1.1 ٹن وزنی ماڈل ٹرین نے ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر یہ رفتار حاصل کی

چین کے سائنس دانوں نے میگلیو ٹیکنالوجی میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے تجرباتی ٹرین کو صرف 5.3 سیکنڈ میں صفر سے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچا دیا۔

ہوبئی کے ڈونگہو لیبارٹری میں کیے گئے تجربے کے دوران تقریباً 1.1 ٹن وزنی ماڈل ٹرین نے ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر یہ رفتار حاصل کی۔

چینی حکام کے مطابق یہ میگلیو ٹیکنالوجی میں مختصر فاصلے پر تیز ترین ایکسیلیریشن کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

میگلیو ٹرینیں مقناطیسی قوت کے ذریعے ٹریک سے قدرے بلند رہتی ہیں، جس سے پہیوں اور پٹری کے درمیان رگڑ ختم ہو جاتی ہے۔ ٹریک میں نصب برقی مقناطیسی نظام مقناطیسی لہریں پیدا کرکے ٹرین کو انتہائی تیزی سے آگے بڑھاتا ہے۔

تجربے کی خاص بات صرف ریکارڈ رفتار حاصل کرنا نہیں تھی بلکہ ٹرین کو محفوظ اور قابو میں رکھتے ہوئے روکنا بھی تھا۔

800 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کے بعد ٹرین نے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے میں بتدریج رفتار کم کرتے ہوئے ہموار انداز میں اسٹاپ کیا۔

ڈونگہو لیبارٹری اس سے قبل بھی میگلیو ٹیکنالوجی میں ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ جون 2025 میں اسی پلیٹ فارم پر 650 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جولائی میں 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے تجربات کیے گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق یہ تجربات مستقبل میں انتہائی تیز رفتار زمینی نقل و حمل کے ساتھ ساتھ دیگر جدید ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کی ترقی کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

تاہم، 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی یہ رفتار ابھی تجارتی مسافر ٹرین کی رفتار نہیں بلکہ تجرباتی ٹیسٹ کا نتیجہ ہے۔

Load Next Story