پاسدارانِ انقلاب والے بھاگ گئے، آبنائے ہرمز امریکی فورسز کے کنٹرول میں ہے؛ ٹرمپ

اپنے بیان کے اختتام پر امریکی صدر نے Praise be to Allah یعنی سب تعریف اللہ کے لیے ہے، کے الفاظ بھی استعمال کیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایران کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی حملے کی صورت میں پلوں اور بجلی گھروں پر بمباری کی دھمکی دی۔

امریکی صدر نے ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بحری ناکہ بندی فولادی دیوار بن چکی ہے۔ ایران کے پاس مزاحمت کے لیے کچھ نہیں بچا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کو ایسی فولادی دیوار قرار دیا جس کے خلاف ایران کچھ نہیں کرسکتا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کی فوجی صلاحیتوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس مؤثر بحریہ نہیں، فضائیہ بھی باقی نہیں رہی، جبکہ ایرانی فوج کے باقی ماندہ اہلکاروں کو تنخواہیں بھی نہیں مل رہی ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فورسز نے ایران کی پاسداران انقلاب کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے اور وہ آبنائے ہرمز سے بھاگ رہے ہیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر اب امریکی فورسز کا مکمل کنٹرول ہے اور ایرانی قیادت بھی غیر یقینی کی شکار ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کی معاشی صورتحال کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ ملک کے پاس پیسا نہیں رہا اور اس کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔

انھوں نے ایران میں مہنگائی 300 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔ ایران اب جعلی خبریں پھیلاکر گزارا کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو مشرق وسطیٰ کا بدمعاش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ایران کی وہ حیثیت باقی نہیں رہی ہے۔

ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان کے اختتام پر امریکی صدر نے Praise be to Allah یعنی سب تعریف اللہ کے لیے ہے، کے الفاظ بھی استعمال کیے۔

صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق منگل کو صرف آٹھ بحری جہاز آبنائے سے گزرے جبکہ جنگ سے پہلے روزانہ تقریباً 130 سے 140 جہاز یہاں سے گزرتے تھے۔ 

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں جاری کشیدگی نے عالمی توانائی کی ترسیل اور تیل کی منڈیوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

 

Load Next Story