پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا سے متعلق ایم او یوز سائن

پاکستان کی منظم طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت بیلاروس بھیجنے کی پیشکش

اسلام آباد:

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 9 ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروسی وزیر توانائی نے کی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق تجارتی مسائل کے حل اور نئے مواقع کی نشاندہی کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے تجارت قائم کیا جائے گا، خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کے لیے جوائنٹ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان آزادانہ تجارت (ایف ٹی اے) پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، واٹر کنزرویشن اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، پاکستان ٹیلی ویژن اور بیلاروس کے سرکاری میڈیا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

وزیرِ توانائی جمہوریہ بیلاروس کی وزیرِ اعظم سے ملاقات

قبل ازیں جمہوریہ بیلاروس کے وزیرِ توانائی ڈزینس ماروز نے آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیرِاعظم نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے اسلام آباد کے دورے اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کو خوشگوار انداز میں یاد کیا، جن سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں منعقدہ مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے 9ویں اجلاس کے دوران ہونے والے مفید مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں دونوں جانب سے تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج دونوں ممالک کے لیے عملی فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔

بیلاروس کے وزیرِ توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور بیلاروس کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران ہونے والی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے تمام شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

Load Next Story