’میری نالائق اولاد‘، بادشاہ کی وائرل ویڈیو پر ہنی سنگھ کا طنزیہ وار
بھارتی ریپر ہنی سنگھ اور بادشاہ کے درمیان برسوں سے جاری اختلافات ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں، جس کی وجہ بادشاہ کی ایک حالیہ ویڈیو بنی جس پر ہنی سنگھ نے بھی طنزیہ ردِعمل دے دیا۔
بادشاہ نے بھارتی پروگرام ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ سیزن 2 کی دوسری بونس قسط میں شرکت کی، جو 10 اگست کو یوٹیوب چینل کے ممبرز کے لیے جاری کی گئی تھی۔ اس قسط میں میزبان و مصنف ہرش لمباچیا، سوشل میڈیا انفلوئنسر سورَو جوشی اور کامیڈین راجت سود بھی موجود تھے۔
پروگرام کے دوران سمے رائنا نے بادشاہ سے ان کے اسٹیج نام کے انتخاب سے متعلق سوال کیا۔ بادشاہ نے جواب دیا کہ ’بادشاہ‘ نام انہوں نے خود رکھا تھا۔ ان کا یہی جواب بعد میں سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گیا، کیونکہ صارفین نے اسے بادشاہ کی ایک پرانی ویڈیو سے جوڑ دیا، جس میں مبینہ طور پر وہ کہہ چکے ہیں کہ ’بادشاہ‘ نام انہیں ہنی سنگھ نے دیا تھا۔
Honey Singh to Badshah : "Meri Nalayak Aulaad" pic.twitter.com/zzI8CcmGpa
— Gagan Choudhary (@trigguuuu) August 11, 2026
پرانی ویڈیو کے دوبارہ وائرل ہونے پر ہنی سنگھ نے اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور بادشاہ کو طنزیہ انداز میں مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ”میری نالائق اولاد“۔
ہنی سنگھ اور بادشاہ ماضی میں ہپ ہاپ میوزک کلیکٹو ’مافیا منڈیر‘ کا حصہ رہے ہیں، تاہم بعد میں دونوں کے پیشہ ورانہ راستے الگ ہوگئے۔ وقت گزرنے کے ساتھ مشترکہ گانوں، موسیقی اور کریڈٹس میں دونوں کے کردار کو لے کر اختلافات بھی سامنے آتے رہے۔
دونوں ریپرز کے درمیان سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والے معاملات میں گانا ’براؤن رنگ‘ بھی شامل ہے۔ بادشاہ کا مؤقف رہا ہے کہ انہوں نے اس گانے کے بول لکھے تھے جبکہ اس کی موسیقی ہنی سنگھ نے ترتیب دی تھی۔
یہ پرانا تنازع جولائی 2025 میں بھی دوبارہ نمایاں ہوا تھا، جب بادشاہ نے ہنی سنگھ سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر صرف ’Credits‘ لکھ کر تبصرہ کیا تھا۔ اس مختصر تبصرے کے بعد دونوں ریپرز کے درمیان ماضی کے اختلافات ایک مرتبہ پھر خبروں اور سوشل میڈیا گفتگو کا حصہ بن گئے۔