برطانوی ڈرائیور نے ہائیڈروجن گاڑی کی رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
آواز کی رفتار توڑنے والے برطانوی ڈرائیور اینڈی گرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے ایک نیا عالمی رفتار کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
64 سالہ ریٹائرڈ رائل ایئر فورس پائلٹ نے امریکی ریاست یوٹاہ کے بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی ہائیڈرو میکس کو اوسطاً 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑایا، جو ہائیڈروجن کمبسشن انجن والی کسی گاڑی کی اب تک کی تیز ترین رفتار ہے۔
ریکارڈ دو رنز کی اوسط رفتار کی بنیاد پر قائم کیا گیا۔ ہائیڈرو میکس میں دو ہائیڈروجن انٹرنل کمبسشن انجن نصب ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 1600 بریک ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔
تقریباً 20 سال قبل گرین نے جے سی بی ڈیزل میکس کے ذریعے ڈیزل گاڑی کا عالمی زمینی رفتار ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، جب گاڑی نے 563 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار حاصل کی۔
ہائیڈرومیکس کی نئی کامیابی نے 2004 میں قائم کیے گئے ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی کے سابقہ عالمی ریکارڈ (298.5 کلو میٹر فی گھنٹہ) کو دوگنی سے بھی زیادہ رفتار سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اینڈی گرین نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال بعد ڈیزل میکس کے ریکارڈ کے بعد ہائیڈروجن پاور کے ذریعے ایک اور عالمی زمینی رفتار کا ریکارڈ قائم کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
ان کے مطابق یہ کامیابی ایک عالمی معیار کی ٹیم اور جدید ٹیکنالوجی کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے۔