راولپنڈی؛ الیکشن کمیشن کی ملازمہ دریائے سواں میں ڈوب کر جاں بحق، واقعے کی تفتیش جاری

پولیس کے مطابق خاتون سوشل میڈیا کونٹینٹ کریئیٹر اور ہیوی بائیک رائیڈر تھی، اس لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں

فوٹو: فائل

راولپنڈی کے دریا سواں میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والی 28 سالہ خاتون کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جبکہ پولیس ٹک ٹاک یا سوشل میڈیا کونٹینٹ کی شوٹنگ کے دوران حادثہ سمیت دیگر خدشات پر تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 28 سالہ کومل جان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بطور اسسٹنٹ ملازمہ ہونے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کنٹینٹ کریئیٹر اور ہیوی بائیک رائیڈر بھی تھیں اور پولیس اب اس سوال کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کومل جان نے مبینہ طور پر پل سے چھلانگ لگائی یا وہ سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بناتے ہوئے حادثاتی طور پر دریا میں جا گریں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ 28 سالہ کومل جان الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بطور اسسٹنٹ ملازمہ تھیں اور سوشل میڈیا پر بھی متحرک تھیں اور ٹک ٹاک پر ان کا رائیڈ ود کومل کے نام سے اکاؤنٹ تھا، جہاں وہ اپنی ہیوی بائیک رائیڈنگ سے متعلق کنٹینٹ شیئر کرتی تھیں۔

پولیس کے مطابق کومل جان اپنی بائیک رائیڈنگ کی ویڈیوز میں ہیلمٹ پہنے دکھائی دیتی ہیں اور واقعے کے روز بھی وہ ہیوی بائیک پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی تھیں اور واقعے کی ابتدائی اطلاع پولیس 15 کو ایک کالر نے دی، جس نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے پل سے نیچے چھلانگ لگائی ہے۔

تاہم پولیس اس دعوے کو حتمی قرار دینے کے بجائے مبینہ خودکشی اور ٹک ٹاک یا دیگر سوشل میڈیا کنٹینٹ کی شوٹنگ کے دوران حادثاتی طور پر پانی میں گرنے، دونوں زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ کومل جان کا موبائل فون ان کے ہینڈ بیگ سے ملا، جو بائیک کے ساتھ موجود تھا، پولیس اب پہلے اطلاع دینے والے کالر اور ممکنہ عینی شاہدین کو تلاش کر رہی ہے تاکہ واقعے کے آخری لمحات کی حقیقت سامنے آسکے۔

مزید بتایا گیا کہ کومل جان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کی اصل وجہ کے تعین میں مدد ملے گی جبکہ اہل خانہ مزید پولیس کارروائی کے حق میں نہیں، تاہم پولیس نے واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

Load Next Story