شدید تنقید کے بعد کنگنا رناوت نے ’کاکروچ‘ اور ’گٹر‘ والے بیان کی وضاحت کردی

کنگنا نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے تمام نوجوان نسل کو ’گٹر‘ سے تشبیہ دی

بھارتی اداکارہ اور حکمراں جماعت بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے نوجوانوں سے متعلق اپنے متنازع بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اشارہ تمام نوجوانوں کی جانب نہیں تھا بلکہ وہ صرف مخصوص افراد اور بعض خواتین کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔

کنگنا رناوت کے ایک حالیہ بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جب انہوں نے بعض نوجوان ہندو خواتین کے آزادی کے اظہار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی ضروری ہے۔ اداکارہ نے اسی تناظر میں ’جنریشن گٹر‘ جیسے الفاظ بھی استعمال کیے تھے، جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کنگنا نے اپنے بیان کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر این ای ای ٹی-یو جی پیپر لیک کے خلاف ہونے والے احتجاج کے حوالے سے ان کا بیان کسی بھی صورت تمام نوجوانوں کے لیے عمومی تبصرہ نہیں تھا۔

کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ انہوں نے واضح طور پر صرف کچھ لوگوں یا بعض خواتین کا حوالہ دیا تھا اور ان کی گفتگو کو تمام نوجوانوں سے جوڑنا درست نہیں۔

’کاکروچ‘ سے متعلق اپنے تبصرے کی وضاحت کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ اگر کوئی خود کو کاکروچ کہتا ہے اور اس کے جواب میں یہ کہا جائے کہ کاکروچ گٹر سے نکلتے ہیں تو اس میں غلط کیا ہے؟ ان کے مطابق ان کا مؤقف صرف اتنا تھا کہ اگر کوئی شخص خود کو کاکروچ قرار دیتا ہے تو پھر گٹر کو اس کا گھر کہا جانا اسے برا نہیں لگنا چاہیے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ خود کو کاکروچ نہیں سمجھتیں۔ اگر کوئی انہیں یہ کہے کہ وہ گٹر میں رہتی ہیں تو وہ یقیناً اس کی تردید کریں گی، تاہم اگر کوئی شخص خود کو کاکروچ کہتا ہے تو پھر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ کہاں رہتا ہے۔

کنگنا نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ انہوں نے تمام نوجوان نسل کو ’گٹر‘ سے تشبیہ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کے ایک مخصوص طبقے میں منشیات کے استعمال، بیٹنگ، جوئے یا ڈارک ویب جیسے رجحانات پر بات کی جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پوری نوجوان نسل کو ایک ہی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ کسی خاص طبقے یا بعض خواتین کا ذکر کر رہی تھیں تو پھر ان کی بات کو تمام نوجوانوں کے لیے عمومی بیان کیوں قرار دیا جا رہا ہے؟

کنگنا رناوت نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کے تبصرے کا مقصد تمام نوجوانوں کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ وہ مخصوص افراد کے رویوں اور بعض سماجی مسائل کی جانب توجہ دلانا چاہتی تھیں۔

Load Next Story