کوریا فٹبال ایسوسی ایشن نے ریفریز کو مبینہ جنسی مراعات دینے کے اسکینڈل پر معافی مانگ لی
جنوبی کوریا کی فٹبال ایسوسی ایشن نے غیر ملکی ریفریز کو مبینہ طور پر جنسی خدمات کے عوض ادائیگیوں سمیت مختلف تنازعات پر معذرت کرلی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارتِ ثقافت، کھیل اور سیاحت کی جانب سے 2016 میں تیار کی گئی ایک رپورٹ گزشتہ ہفتے منظرعام پر آئی جس میں انکشاف کیا گیا کہ 2010 کی دہائی کے آغاز میں جنوبی کوریا آنے والے غیر ملکی ریفریز کے لیے مساج پارلرز میں مبینہ جنسی تفریح پر 56 لاکھ وون خرچ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ادائیگیاں کوریا فٹبال ایسوسی ایشن کے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی گئیں۔ ان میں بعض ایسے ریفریز بھی شامل تھے جنہوں نے 2014 ورلڈ کپ اور 2012 لندن اولمپکس کے کوالیفائنگ میچز میں خدمات انجام دیں۔
تحقیقات میں بتایا گیا کہ ایسوسی ایشن کے عملے نے اخراجات کو مبینہ طور پر غلط انداز میں ظاہر کیا اور انہیں کھانے، مشروبات یا عام مساج کے اخراجات قرار دیا۔
کوریا فٹبال ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مختلف تنازعات پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ پرانے واقعات سے متعلق میڈیا رپورٹس نے بھی تشویش پیدا کی ہے، تاہم موجودہ دور میں کارپوریٹ کارڈز کے ایسے غلط استعمال یا نامناسب سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کے ایف اے نے کہا کہ مختلف تنازعات کے باعث پیدا ہونے والی مایوسی اور تشویش پر ہم تہہِ دل سے معذرت خواہ ہیں۔