امریکا کا لاطینی امریکی اتحادیوں پر عالمی فوجداری عدالت چھوڑنے کے لیے دباؤ

حکومتوں کو غیر منتخب بین الاقوامی بیوروکریٹس کے بجائے اپنے عوام اور آئین کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے لاطینی امریکی ممالک پر مشتمل امریکاز کاؤنٹر کارٹیل کولیشن کے رکن ممالک سے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے علیحدگی اختیار کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پاناما میں خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ عدالت قومی خودمختاری کو متاثر کرنے کے ساتھ حکومتوں اور ملکی عدالتوں کے اختیارات میں مداخلت کر رہی ہے۔

انہوں نے اتحادی ممالک پر زور دیا کہ وہ آئی سی سی کی جانب سے اپنے قومی معاملات میں مداخلت کو مسترد کریں اور عدالت سے دستبردار ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کو اپنی خودمختاری، قومی دفاع اور اپنی افواج کے استعمال سے متعلق فیصلے خود کرنے کا اختیار برقرار رکھنا چاہیے۔

امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ حکومتوں کو غیر منتخب بین الاقوامی بیوروکریٹس کے بجائے اپنے عوام اور آئین کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے نومبر 2024 میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے، جس کے بعد واشنگٹن کی جانب سے آئی سی سی پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

Load Next Story