بریڈ پٹ کا زندگی کے مشکل ترین دور میں خودکشی کے خیالات آنے کا انکشاف
ہالی ووڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جس میں انہیں خود کو ختم کرنے کا دل چاہا۔
بریڈ پٹ نے ایسکوائر میگزین کو حالیہ دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی کے کچھ تلخ لمحات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب وہ شدید تکلیف سے گزر رہے تھے اور اس دوران انہیں اس سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس ہی وقت انہیں خودکشی کرنے کا خیال آیا کیونکہ اس ہی طرح وہ اپنی تکلیفوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ مگر انہوں نے ان خیالات پر عمل نہیں کیا کیونکہ ان کی زندگی بچانے کی فطری جبلت فوراً غالب آگئی۔
بریڈ پٹ اس سے قبل بھی شراب نوشی چھوڑنے اور اپنی بحالی کے سفر کے بارے میں کھل کر بات کر چکے ہیں اور اس سلسلے میں اداکار بریڈلی کوپر کی مدد کا بھی اعتراف کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بریڈ پٹ گزشتہ تین دہائیوں سے ہالی ووڈ کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ’فائٹ کلب‘، ’اوشنز الیون‘ اور ’ونس اپون اے ٹائم اِن ہالی ووڈ‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔