کالعدم تنظیم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 8 اہلکاروں کو اغوا کرلیا، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے، ایس ایس پی خاور علی شوکت

ترجمان  آزاد جموں وکشمیر پولیس ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، مغوی اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے۔

کالعدم تنظیم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذریعے  ہائی وے پولیس اہلکاروں کے اغوا کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی، خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پرتشدد احتجاج کو مسترد کرتے ہیں، عوام نے تنظیم سے رابطے منقطع کرلیے، کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، اس کے شرپسندوں نے لوگوں کو دھمکیاں دیں، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، ریاست نہ پہلے کمزور تھی، نہ اب کمزور ہے۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، مغوی اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، والدین اپنے بچوں کو شرپسندوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھیں، کالعدم تنظیم کا واحد مقصد ریاستی عملداری کو کمزور کرنا ہے۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ پرتشدد کارروائیاں اس چیز کو واضح کرتی ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نہ صرف ریاست بلکہ ریاستی نظام کو سنگین نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے نہ صرف ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا بلکہ عام عوام کی زندگی بھی اجیرن بنا دی۔ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کسی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔

 

Load Next Story