میر رضا قتل؛ تفتیشی ٹیم کے این سی سی آئی اے کو خطوط، اہم مطالبات سامنے آگئے
میر رضا قتل کیس کی گتھیاں سلجھانے کے لیے تفتیشی حکام نے این سی سی آئی اے کو 4 خطوط لکھ کر ڈیجیٹل شواہد تک رسائی مانگ لی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تفتیشی ٹیم نے ان مراسلوں میں میر رضا کی اسمارٹ واچ کی فارنزک رپورٹ اور مقتول کے تمام ڈیجیٹل و سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیس کے تحقیقاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے نئی ٹیم کا اگلا اجلاس فیروز آباد تھانے میں طلب کیا گیا ہے جس کے بعد جائے وقوع کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔
مقتول کے اہل خانہ کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ اسمارٹ واچ کئی روز تک سابق سربراہ کمیٹی کے قبضے میں رہی جس سے شواہد میں ٹیمپرنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واچ کی فارنزک این سی سی آئی اے کے بجائے لاہور کی لیبارٹری سے کروائی جانی چاہیے۔
جبران ناصر نے مزید کہا کہ این سی سی آئی اے کو یہ واچ گزشتہ روز ہی فراہم کی گئی ہے، لہذا شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کیس کو لاہور منتقل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ اہم شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ممکن ہے، جس سے تفتیش کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔