ایس ای سی پی نے ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹماسفیرک گیسز لمیٹڈ کے آئی پی او کی منظوری دیدی

مذکورہ کمپنی کا پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں باقاعدہ اندراج کیا جائے گا

فوٹو: فائل

کراچی:

سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹماسفیرک گیسز لمیٹڈ کے آئی پی او کی منظوری دے دی ہے، مذکورہ کمپنی کا پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں باقاعدہ اندراج کیا جائے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق ایگرو پروسیسرز کے 5کروڑ 80 لاکھ 49ہزار 541 شئیرز کی عوامی پیشکش کی جائے گی۔ پیشکش کیے جانے والے حصص کمپنی کے آئی پی او کے بعد کے ادا شدہ سرمائے کا 15 فیصد ہیں۔ ایگرو پروسیسرز کا آئی پی او بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت ہوگا۔

ایس ای سی پی کے مطابق ایگرو پروسیسرز کے 75فیصد شئیرز انسٹی ٹیوشنل اور ہائی نیٹ ورتھ انویسٹرز کو فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ کمپنی کے باقی ماندہ 25 فیصد شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے۔

مذکورہ کمپنی خوردنی تیل، بناسپتی، صنعتی فیٹس، مارجرین، مصالحہ جات، ساسز کی تیاری، پراسیسنگ و فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔

ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کمپنی میں سرمایہ کاری سے قبل کمپنی کے پراسپیکٹس، برسک فیکٹرز کا بغور جائزہ لیں۔

Load Next Story