کراچی؛ ہاؤس جاب کرنے والے فزیوتھراپی ڈاکٹرز کے معاوضے سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

ڈاکٹر سمیہ قاضی سمیت 53 فزیو تھراپی ڈاکٹرز کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز آف فزیو تھراپی کو ایم بی بی ایس ایس ڈاکٹرز کے برابر تنخواہ دینے کی درخواست منظور کرلی۔

ہائیکورٹ میں  ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز آف فزیو تھراپی کو ایم بی بی ایس ایس ڈاکٹرز کے برابر تنخواہ دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل قاضی علی اطہر ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سندھ میں فزیوتھراپی ڈاکٹرز کے لیے ایم بی بی ایس کی طرح 5 سالہ تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے اور 5 سالہ تعلیم کے بعد ہاؤس جاب کرنا لازمی ہے۔ فزیوتھراپی کے گریجویٹ کو ڈاکٹر آف فزیوتھراپی بھی قرار دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود گزشتہ 9 سالوں سے انہیں ہاؤس جاب کے دوران کوئی معاوضہ نہیں دیا جاتا ہے۔

وکیل نے موقف دیا کہ یہ تعلیم یافتہ برانڈڈ لیبر استعمال کرنے کی بدترین مثال اور آئین کے آرٹیکل 11 کی خلاف ورزی ہے جبکہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کو ہاؤس جاب کے دوران 69 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جناح اسپتال انتظامیہ کو فزیوتھراپی ڈاکٹرز کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر تنخواہ دینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سندھ حکومت کو ہاؤس جاب کرنے والے فزیوتھراپی ڈاکٹرز کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر معاوضہ ادا کرنے کے لیے مستقل پالیسی وضع کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

ڈاکٹر سمیہ قاضی سمیت 53 فزیو تھراپی ڈاکٹرز کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔

Load Next Story