ملٹری آپریشن میں امریکا اور اسرائیلی انٹیلی جنس کے 2 اہلکار مارے گئے، ایران کا دعویٰ

ایرانی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گرد گروہ سے منسلک دو آپریشنل سیلز کو تباہ کردیا

ایرانی فورسز کی کارروائی میں امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار ہلاک، 4 گرفتار

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ 2 افراد ہلاک جب کہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے بتایا کہ کارروائی میں 2 الگ آپریشنل سیلز کو نشانہ بنایا گیا جن پر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے، حساس تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔

ایرانی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں 2 افراد مارے گئے جبکہ 4 افراد کو ملک میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد امریکا اور اسرائیل کے انٹیلی جنس سے وابستہ ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے سیستان و بلوچستان میں مبینہ دہشت گرد گروہ سے منسلک دو آپریشنل سیلز کو تباہ کردیا۔

ایرانی حکومت نے ہلاک اور گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت، قومیت یا ان سے منسوب مبینہ کارروائیوں کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔ گرفتار افراد کا مقصد صوبے میں تخریبی کارروائیاں کرنا اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا تھا۔

یاد رہا کہ ایران کا جنوب مشرقی صوبہ سیستان و بلوچستان طویل عرصے سے مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور سیکیورٹی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔

ایران ماضی میں بھی اس علاقے میں مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں اور گرفتاریوں کا اعلان کرتا رہا ہے۔

 

جون 2026 میں بھی ایرانی حکام نے اسی خطے میں سیکیورٹی کارروائی کے دوران پانچ مسلح افراد کو ہلاک اور 19 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایرانی حکام ان کارروائیوں کو دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام قرار دیتے ہیں۔

 

Load Next Story