لاہور میں پولیس پر حملے، چند گھنٹوں میں 2 افسران سمیت تین اہلکار شہید

بادامی باغ، یتیم خانہ چوک اور نواں کوٹ میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے، ریحان بٹ ملوث ہے، ڈی آئی جی

لاہور کے علاقوں بادامی باغ، یتیم خانہ چوک اور مناواں میں پولیس پر حملوں میں 2 افسران سمیت تین اہلکار شہید جبکہ راہ گیر سمیت 4 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بادامی باغ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے لاہور پولیس کے دو افسران فرض کی راہ میں قربان ہوگئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت سب انسپکٹر عدیل عاشق، ہیڈ کانسٹیبل اسد اور اہلکار عدیل کے ناموں سے ہوئی۔

آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کی اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم، تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ کی مکمل معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ بادامی باغ میں سب انسپکٹر سمیت دو جوانوں کو شہید کرنے کے حملے میں ریحان بٹ نامی شخص ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریحان بٹ کا بھائی فیضان کچھ عرصہ پہلے سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا تھا، اُس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جبکہ وہ متعدد پولیس مقابلوں میں ملوث تھا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ ریحان بٹ کی گھر موجودگی کی اطلاع پر ایس آئی عدیل اور ہیڈکانسٹیبل اسد نے چھاپہ مارا، ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور رکشے پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سی سی ڈی انویسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ ملزمان کی تلاش میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے فیضان بٹ نامی ملزم کو سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کی شہادت کے کیس میں گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کا بھائی ریحان بٹ پولیس اہلکار عدیل و دیگر کو دھمکیاں دے رہا تھا جس پر اُس کے خلاف تھانہ شفیق آباد میں دھمکیاں دینے مقدمہ 2024 میں درج ہوا۔

ذرائع کے مطابق ملزم ریحان بٹ نے عدیل کو فون کر کے اپنے بھائی کا بدلہ لینے کی دھمکی دی تھی پولیس نے بتایا کہ ملزم کے بھائی کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، ملزم کا بھائی سی ٹی ڈی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق یتیم خانہ چوک ملتان روڈ پر تین موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس میں کانسٹیبل شہید جبکہ راہ گیر بھی زخمی ہوا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس حملے میں بھی ریحان بٹ اور ساتھی ملوث ہے جس نے کچھ دیر قبل بادامی باغ میں دو پولیس افسران کو شہید کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق یتیم خانہ چوک پر حملے میں تین افراد تھے جن میں دو نوجوان جبکہ ایک بزرگ تھا، جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

اس کے علاوہ نواں کوٹ کے علاقہ میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے جن کی شناخت حارث، شعبان اور شفیق کے ناموں سے ہوئی اور تین ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ تاہم حارث نامی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

اُدھر چند گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد شہر بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

Load Next Story