ابوظہبی کی بھارتی سیاحوں کو 3 ماہ کا مفت سیاحتی ویزا دینے کی پیشکش
ابوظہبی کی بھارتیوں کیلیے بڑی پیشکش ؛ 3 ماہ کا مفت سیاحتی ویزا
ابوظہبی نے بھارت سے آنے والے سیاحوں کے لیے مفت یو اے ای انٹری ویزا دینے کی خصوصی پیشکش شروع کردی ہے جس کے تحت منتخب مسافروں کے ویزا کی مکمل فیس معاف کردی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ خصوصی پیشکش یکم اگست سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہی گی اور آزمائشی مرحلے کے دوران زیادہ سے زیادہ 20 ہزار ویزے جاری کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اسی طرح کی ایک پیشکش دبئی کی حکومت بھی دنیا کے بھر ان سیاحوں کے لیے کرچکی ہے جن کے رشتے دار دبئی میں مقیم ہیں اور اپنے عزیز و اقربا کو بلانا چاہتے ہیں۔
مفت ویزا کن بھارتی شہریوں کو ملے گا؟
اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو بھارت سے ابوظبی کا سفری پیکیج بک کرنا ہوگا۔
اس پیکیج میں ابوظبی کے کسی ہوٹل میں 3 مسلسل راتوں کا قیام، ریٹرن فلائٹ کی بکنگ اور سفر کی بکنگ کسی شرکت کرنے والے ٹریول پارٹنر یا آن لائن ٹریول ایجنسی کے ذریعے ہونا ضروری ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ سیاح اس مفت ویزا کے لیے براہِ راست یا انفرادی طور پر درخواست نہیں دے سکتے۔ ویزا فیس کی معافی صرف ان مسافروں کے لیے ہے جو مقررہ شرائط کے مطابق شریک ٹریول پارٹنرز یا آن لائن ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے اپنا پیکیج بک کریں گے۔
20 ہزار ویزوں کا پائلٹ پروگرام
ابوظہبی کی جانب سے یہ سہولت ایک پائلٹ پروگرام کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت تین ماہ کے دوران 20 ہزار تک اہل بھارتی مسافروں کے ویزا اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد بھارت سے ابوظہبی آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھانا اور موسمِ گرما کے اختتام اور خزاں کے ابتدائی مہینوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اس پیشکش کے تحت ویزا کی مکمل لاگت تو معاف ہوگی، تاہم ہوٹل، فضائی سفر اور دیگر سفری اخراجات مسافر کو خود برداشت کرنا ہوں گے جب تک متعلقہ ٹریول پیکیج میں ان اخراجات کے لیے کوئی الگ رعایت شامل نہ ہو۔
واضح رہے کہ امریکا سے جنگ میں ایران نے خلیجی ممالک کو بھی نشانہ بنایا ہے جس سے متحدہ عرب امارات میں سیاحت کو شدید نقصان پہنچا ہے جو سب سے بڑی انڈسٹری بن چکی تھی۔ اس کمی کو دور کرنے کے لیے حکومت نئے پیکجز متعارف کرا رہی ہے۔