یوم آزادی پر صدر، وزیراعظم، عسکری قیادت اور سیاسی رہنماؤں کی قوم کو مبارکباد

معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، صدر مملکت

اسلام آباد:

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سمیت سیاسی رہنماؤں نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ان قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جن کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں اور وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر، تحفظ اور روزگار کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بھی باہمی احترام اور خودمختاری کی پاسداری کی توقع ہے، افغان سرزمین پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان کی مسلح افواج مذموم عزائم کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب تیزی سے جاری ہے، اگرچہ اس راستے میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور معاشی استحکام کا مقصد حاصل کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے حملوں کے جواب میں ثابت کیا کہ مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

عسکری قیادت کا پیغام

مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن، جرات اور غیر متزلزل عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہی ورثہ پاکستانیوں کو ملک کے بنیادی اصولوں اور قومی نظریات پر قائم رہنے کی مسلسل ترغیب دیتا ہے۔

افواجِ پاکستان نے ملک کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خصوصی طور پر سلام پیش کیا۔ سابق فوجیوں کی خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی محنت اور مختلف شعبوں میں وطن کی خدمت کرنے والے ہر پاکستانی کے کردار کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ ان افراد کی جرات، قربانی اور بے لوث خدمت نے پاکستان کو مشکلات کا مقابلہ کرنے کی قوت دی۔ ان کی خدمات نے ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام اور بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تمام اہلِ وطن کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی کے ساتھ سانس لے رہے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر  قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں آزادی کے مقاصد کو بھی یاد رکھنا ہوگا، یومِ آزادی ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم سوچیں، یہ آزادی کس قیمت پر حاصل کی گئی تھی؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 1947ء میں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی بنیاد پر پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ 1971ء میں بنگلہ دیش کی صورت میں پاکستان کا اتحاد پارہ پارہ ہوگیا، ہمیں ایک قوم بن کر زندگی گزارنی تھی، 79 سال گزرنے کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے۔ 

امیر جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ اتحاد کا تقاضا ہے کہ علاقائی، لسانی اور گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستانی قوم بن کر آگے بڑھیں، یقینِ محکم کا تقاضا یہ ہے کہ لا الٰہ الا اللہ کے نام پر اور اسلام و دین کے تصور کے تحت بننے والے پاکستان کے مقصد کو سمجھا جائے۔ آج سوال یہ ہے کہ کیا پاکستانی مسلمان اسلام اور اپنے دینی تشخص کے حوالے سے مطمئن ہیں؟

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، اہل وطن کو آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں، 14 اگست ہماری درخشاں قومی تاریخ کا عظیم، یادگار اور ناقابل فراموش دن ہے، پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا خون شامل ہے،ان لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ دفاع وطن، قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان تاقیامت ہے اور رہے گا، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑ سکتا، بلوچستان میں ہماری تمام فورسز امن کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمیں بہت قربانیوں کے بعد نصیب ہوا اور بلوچستان میں ہماری تمام فورسز امن کے لیے اب بھی قربانیاں دے رہی ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story