معرکہ حق میں کامیابی: صدر و وزیراعظم نے اسلام آباد میں ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح کردیا

نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر دفاع کی بھی شرکت

اسلام آباد:

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ’یادگار فتح‘  کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب گزشتہ شب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی پولیس کے دستوں، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی حاضری دی۔

تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل سمیت تمام شرکا نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری کی علامت ہے جس نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ہر بوند ہماری ریڈلائن ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت ہے ۔ اس نے امریکا، ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچیں ۔ امید ہے کہ مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یادگار فتح شہدا اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں نسل کشی کسی صورت قبول نہیں ، گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایران، امریکا جنگ بندی میں فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم کے کردار کو سراہا۔

Load Next Story