شاہی قلعے میں جشن آزادی کے سلسلے میں لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو
جشن آزادی کی 79ویں سالگرہ کے سلسلے میں پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام شاہی قلعے کے عالمگیری دروازے پر پروقار لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عالمگیری دروازے پر منعقدہ شو میں رنگ و نور اور روشنیوں کے ذریعے تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے تاریخی مناظر پیش کیے گئے، جبکہ خطے کی قدیم و جدید تاریخ کو بھی خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا۔
جشن آزادی کی تقریبات میں شہریوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو میں داخلہ مفت رکھا گیا۔ شہریوں نے شو میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور تحریک پاکستان کی جدوجہد کو منفرد انداز میں پیش کیے گئے مناظر سے محظوظ ہوئے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق عوام کو جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جس کے ذریعے نئی نسل کو تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے تاریخی مراحل سے روشناس کرانے کی کوشش کی گئی۔