جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحاد ٹاؤن میں یوم آزادی کی تقریب، پرچم کشائی، ٹیبلوز، نعت اور ملی نغمے

جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا فخرالدین کھوسو نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے

جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحاد ٹاؤن میں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری افسران، طلبہ اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں پیر طریقت مولانا عبدالشکور نقشبندی، بلدیہ ٹاؤن کے وائس چیئرمین عجب خان سواتی، اے ڈی سی ون ضلع کیماڑی اسداللہ کھوسو، ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن اصغر علی عباسی، یوسی اتحاد ٹاؤن کے چیئرمین محمد عارف تنولی، جے یو آئی ضلع کیماڑی کے رہنماؤں شیخ الحدیث مفتی فیض الحق، مفتی کفایت اللہ اور مولانا رحمت اللہ سکرگاہی سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔

اس موقع پر حاجی طور خان، غوث بخش کھوسو، عبدالرؤف کھوسو اور علاقے کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا فخرالدین کھوسو نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ جامعہ کے مہتمم قاری مظہرالدین کھوسو نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

 

یوم آزادی کی مناسبت سے جامعہ کے احاطے میں باقاعدہ پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر قومی ترانے اور ملی جذبات سے بھرپور ماحول دیکھنے میں آیا۔ جامعہ کے طلبہ و طالبات نے وطن سے محبت کے اظہار کے لیے تقاریر، ٹیبلوز، نعتیہ کلام اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علماء کرام اور دینی مدارس کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ علماء کرام نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کرنے اور قیام پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں بھی دیں۔

مقررین نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان میں علماء کرام اور اکابرین کی جدوجہد، قربانیوں اور خدمات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو ملک کی تاریخ اور آزادی کی قدر و منزلت سے روشناس کروا کر ان میں قومی ذمہ داری کا احساس پیدا کیا جاسکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے میں علماء کرام اور دینی مدارس آئندہ بھی اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ مدارس صرف دینی تعلیم کے مراکز نہیں بلکہ نئی نسل کی اخلاقی و کردار سازی اور انہیں قومی و معاشرتی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے اور اس کی قدر و منزلت کو اجاگر کرنے کے لیے یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانا ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

 

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی، استحکام، قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس کے علاوہ پاک فوج، پاکستان رینجرز، سندھ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کی حفاظت و سلامتی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Load Next Story