جنوبی کوریا: شدید گرمی نے زمین میں موجود سبزیاں خراب کردیں

کسان بہتر فصل کے لیے کٹائی مؤخر کر رہے تھے

جنوبی کوریا میں ریکارڈ توڑ گرمی کے باعث کسانوں کو زرعی فصلوں کے غیر معمولی نقصان کا سامنا ہے۔ ملک کے شمال مشرقی صوبے گانگ وون میں آلو زمین سے نکالنے سے پہلے ہی نرم اور خراب ہو گئے، جبکہ بڑی مقدار میں گوبھی بھی شدید گرمی سے تباہ ہو گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق یانگ گو کاؤنٹی کے ہائیان علاقے میں کسانوں نے ایسے کھیتوں سے آلو نکالے جو صرف ایک ہفتہ پہلے تک ٹھیک تھے۔ البتہ، زمین کھودنے پر زیادہ تر آلو نرم اور ناقابلِ استعمال حالت میں ملے۔

40 سال سے کاشت کاری کرنے والے کسان لی سانگ ہیوک نے مقامی نشریاتی ادارے ایس بی ایس کو بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی صورتحال کبھی نہیں دیکھی۔ ان کے مطابق یہ مسئلہ صرف ایک یا دو کھیتوں تک محدود نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

شدید گرمی سے قریبی علاقوں میں گوبھی کی ہزاروں پیونگ (زمین کے رقبے کی پیمائش کے لیے کوریا کی روایتی اکائی) اراضی بھی تباہ ہو گئی۔ کسان بہتر قیمت ملنے کی امید میں فصل کی کٹائی مؤخر کرتے رہے، لیکن گرمی کی شدت سے گوبھی کھیتوں ہی میں جھلس گئی، جس کے بعد اسے واپس زمین میں ملا دیا گیا۔

کسانوں کے مطابق تباہ ہونے والی گوبھی کی کروڑوں وون تھی، جس سے زرعی شعبے کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔ یہ صورتحال جنوبی کوریا میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی کے زرعی پیداوار پر پڑنے والے اثرات کی ایک سنگین مثال قرار دی جا رہی ہے۔

Load Next Story