مریم نواز کا 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال صوبہ بنانے کا ہدف
وزیراعلی مریم نواز شریف نے 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال (این ایبلڈ ) صوبہ بنانے کا ہدف رکھ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ پر مشاورت کی گئی۔ صوبائی مشیر علی ڈار نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں پنجاب میں قائم دنیا کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال ڈیلیوری یونٹ سے متعلق آگاہ کیا گیا، جبکہ پنجاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطح ٹیم اور گلوبل ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اے آئی وژن 2029 پر پیشرفت کے جائزے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔