بلوچستان؛ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو قتل کردیا
بلوچستان میں مسلح افراد نے گزشتہ شب گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں اور ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت علی احمد محمد حسنی کی اہلیہ بی بی حنیفہ اور بیٹی حفصہ کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے وقت گھر میں ماں اور بیٹی کے سوا کوئی اور موجود نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون ایک نجی اسکول میں ملازمت کرتی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے دونوں خواتین کی لاشیں میر گل خان نصیر اسپتال منتقل کیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثا کی جانب سے تاحال مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی۔ صدر پولیس تھانے کے ایس ایچ او واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔