پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کا پلیٹ ٹائٹل جیت لیا
پاکستان کی ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ 2026 کا پلیٹ ٹائٹل جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 کے پلیٹ ڈویژن کے فائنل میں تھائی لینڈ کو 50-55 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے 2028 میں ہونے والی ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے کپ ڈویژن کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔
تھائی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتداء سے ہی عمدہ ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور دباؤ کے باوجود اپنی برتری برقرار رکھی۔
قومی ٹیم نے منظم انداز میں کھیلتے ہوئے مقابلہ 5 گول کے فرق سے جیت کر شاندار مہم کا اختتام کامیابی پر کیا۔
پاکستان کی کامیابی میں صبا نور انور، مایا، لیا رضا شاہ، حنا چوہدری، سیرینا نسیم، جیسمین، فرح، نورالعین اور سمایا صفدر سمیت دیگر کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے فائنل سے قبل جمعہ کو سیمی فائنل میں جاپان کو شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی تھی۔
اب قومی ٹیم 2028 کی ایشین چیمپئن شپ میں کپ ڈویژن میں ایکشن میں نظر آئے گی جس کی میزبانی سنگاپور کرے گا۔
یہ کامیابی پاکستان ویمنز نیٹ بال کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جارہی ہے۔